May 3, 2024

قرآن کریم > الأنفال >surah 8 ayat 48

وَإِذْ زَيَّنَ لَهُمُ الشَّيْطَانُ أَعْمَالَهُمْ وَقَالَ لاَ غَالِبَ لَكُمُ الْيَوْمَ مِنَ النَّاسِ وَإِنِّي جَارٌ لَّكُمْ فَلَمَّا تَرَاءتِ الْفِئَتَانِ نَكَصَ عَلَى عَقِبَيْهِ وَقَالَ إِنِّي بَرِيءٌ مِّنكُمْ إِنِّي أَرَى مَا لاَ تَرَوْنَ إِنِّيَ أَخَافُ اللَّهَ وَاللَّهُ شَدِيدُ الْعِقَابِ 

اور وہ وقت (بھی قابلِ ذکر ہے) جب شیطان نے ان (کافروں ) کو یہ سمجھایا تھا کہ ان کے اعمال بڑے خوشنما ہیں ، اور یہ کہا تھا کہ : ’’آج انسانوں میں کوئی نہیں ہے جو تم پر غالب آسکے، اور میں تمہارا محافظ ہوں ۔ ‘‘ پھر جب دونوں گروہ آمنے سامنے آئے تو وہ ایڑیوں کے بل پیچھے ہٹا، اور کہنے لگا : ’’ میں تمہاری کوئی ذمہ داری نہیں لے سکتا، مجھے جو کچھ نظر آرہا ہے، وہ تمہیں نظر نہیں آرہا۔ مجھے اﷲ سے ڈر لگ رہا ہے، اور اﷲ کا عذاب بڑا سخت ہے۔ ‘‘

  آیت 48:  وَاِذْ زَیَّنَ لَہُمُ الشَّیْطٰنُ اَعْمَالَہُمْ وَقَالَ لاَ غَالِبَ لَـکُمُ الْیَوْمَ مِنَ النَّاسِ:  ’’اور جب شیطان نے اُن کے لیے اُن کے اعمال کو مزین کر دیا تھا اور اُس نے (ان سے) کہا تھا کہ آج تم پر انسانوں میں سے کوئی غالب نہیں آ سکتا‘‘

            یعنی ان کے دلوں میں شیطان نے متکبرانہ خیالات پیدا کر دیے تھے اور انہیں خوش فہمی میں مبتلا کر دیا تھا کہ تمہارا یہ سازوسامان‘ یہ اسلحہ‘ یہ اتنا بڑا لشکر‘ یہ سب کچھ غیر معمولی اور انہونی صورتِ حال ہے۔ عرب کی تاریخ میں اس طرح کے مواقع بہت کم ملتے ہیں۔ کس میں ہمت ہے کہ آج اس لشکر کے سامنے ٹھہر سکے اور کس کے پاس اتنی طاقت ہے کہ آج تمہارے اوپر غلبہ پا سکے؟

             وَاِنِّیْ جَارٌ لَّــکُمْ: ’’اور میں بھی تمہارے ساتھ ہی ہوں۔‘‘

           فَلَمَّا تَرَآءَتِ الْفِئَتٰنِ نَـکَصَ عَلٰی عَقِبَیْہِ: ’’پھر جب دونوں لشکر آمنے سامنے ہوئے تو وہ اپنی ایڑیوں کے بل پیچھے پھر گیا‘‘

             وَقَالَ اِنِّیْ بَرِیْٓئٌ مِّنْکُمْ اِنِّیْٓ اَرٰی مَا لاَ تَرَوْنَ: ’’اور کہنے لگا کہ میں تم سے لا تعلق ہوں، میں وہ کچھ دیکھ رہا ہوں جو تم نہیں دیکھ رہے ہو‘‘

            چونکہ ابلیس (عزازیل) کی تخلیق آگ سے ہوئی ہے‘ لہٰذا ناری مخلوق ہونے کی وجہ سے اُس نے فرشتوں کو نازل ہوتے دیکھ لیا اور یہ کہتے ہوئے اُلٹے پاؤں بھاگ کھڑا ہوا کہ میں تو یہاں وہ کچھ دیکھ رہا ہوں جو تم لوگوں کو نظر نہیں آ رہا ہے۔

             اِنِّیْٓ اَخَافُ اللّٰہَ وَاللّٰہُ شَدِیْدُ الْعِقَابِ: ’’مجھے اللہ کا خوف ہے۔ اور اللہ سزا دینے میں بہت سخت ہے۔‘‘ 

UP
X
<>