May 19, 2024

قرآن کریم > القصص >sorah 28 ayat 38

وَقَالَ فِرْعَوْنُ يَا أَيُّهَا الْمَلأ مَا عَلِمْتُ لَكُم مِّنْ إِلَهٍ غَيْرِي فَأَوْقِدْ لِي يَا هَامَانُ عَلَى الطِّينِ فَاجْعَل لِّي صَرْحًا لَّعَلِّي أَطَّلِعُ إِلَى إِلَهِ مُوسَى وَإِنِّي لأَظُنُّهُ مِنَ الْكَاذِبِينَ

اور فرعون بولا : ’’ اے دربار والو ! میں تو اپنے سو ا تمہارے کسی اور خدا سے واقف نہیں ہوں ۔ ہامان ! تم ایسا کرو کہ میرے لئے گارے کو آگ دے کر پکواؤ، اور میرے لئے ایک اُونچی عمارت بناؤ، تاکہ میں اُس پر سے موسیٰ کے خدا کو جھانک کر دیکھوں ، اور میں تو پورے یقین کے ساتھ یہ سمجھتا ہوں کہ یہ شخص جھوٹا ہے۔‘‘

آیت ۳۸   وَقَالَ فِرْعَوْنُ یٰٓــاَیُّہَا الْمَلَاُ مَا عَلِمْتُ لَـکُمْ مِّنْ اِلٰہٍ غَیْرِیْ: ’’اور فرعون نے کہا : اے درباریو!میں تو اپنے سوا تمہارے لیے کسی معبود کو نہیں جانتا۔ ‘‘

      اس ملک میں میری حکومت ہے اور یہاں صرف میرا حکم چلتا ہے۔ چنانچہ میں اپنے علاوہ کسی اور کو تمہار۱ ’’الٰہ‘‘ یا ’’رب‘‘ ماننے کے لیے تیار نہیں ہوں ۔

      فَاَوْقِدْ لِیْ یٰہَامٰنُ عَلَی الطِّیْنِ: ’’تو اے ہامان! ذرا تم میرے لیے مٹی کی اینٹوں کو آگ سے پختہ کرو‘‘

      یعنی گارے سے اینٹیں بنا کر انہیں بھٹے میں پکانے کا بندوبست کرو۔

      فَاجْعَلْ لِّیْ صَرْحًا لَّعَلِّیْٓ اَطَّلِعُ اِلٰٓی اِلٰہِ مُوْسٰی: ’’پھر میرے لیے ایک اونچا محل بنواؤ تاکہ میں جھانک سکوں موسیٰ کے الٰہ کو‘‘

      موسیٰ جس الٰہ کی بات کرتا ہے، میں اس اونچی عمارت پر چڑھ کر آسمانوں میں جھانک کر اُس الٰہ کو دیکھنا چاہتا ہوں ۔

      وَاِنِّیْ لَاَظُنُّہٗ مِنَ الْکٰذِبِیْنَ: ’’اور میں توسمجھتا ہوں کہ وہ جھوٹا ہے۔‘‘

UP
X
<>