May 1, 2024

قرآن کریم > الزمر >sorah 39 ayat 8

وَإِذَا مَسَّ الإِنسَانَ ضُرٌّ دَعَا رَبَّهُ مُنِيبًا إِلَيْهِ ثُمَّ إِذَا خَوَّلَهُ نِعْمَةً مِّنْهُ نَسِيَ مَا كَانَ يَدْعُو إِلَيْهِ مِن قَبْلُ وَجَعَلَ لِلَّهِ أَندَادًا لِّيُضِلَّ عَن سَبِيلِهِ قُلْ تَمَتَّعْ بِكُفْرِكَ قَلِيلاً إِنَّكَ مِنْ أَصْحَابِ النَّارِ

اور جب انسان کو کوئی تکلیف چھو جاتی ہے تو وہ اپنے پروردگار کو اُسی سے لَو لگا کر پکارتا ہے، پھر جب وہ انسان کو اپنی طرف سے کوئی نعمت بخش دیتا ہے تو وہ اُس (تکلیف) کو بھول جاتا ہے جس کیلئے پہلے اﷲ کو پکار رہا تھا، اور اﷲ کیلئے شریک گھڑ لیتا ہے، جس کے نتیجے میں دوسروں کو بھی اﷲ کے راستے سے بھٹکا تا ہے۔ کہہ دو کہ : ’’ کچھ دن اپنے کفر کے مزے اُڑالے، یقینا تو دوزخ والوں میں شامل ہے۔‘‘

آیت ۸:  وَاِذَا مَسَّ الْاِنْسَانَ ضُرٌّ دَعَا رَبَّہٗ مُنِیْبًا اِلَیْہِ:  ’’اور جب انسان کو کوئی تکلیف پہنچتی ہے تو وہ اپنے رب کو پکارتا ہے اس کی طرف رجوع کرتے ہوئے‘‘

        ثُمَّ اِذَا خَوَّلَہٗ نِعْمَۃً مِّنْہُ نَسِیَ مَا کَانَ یَدْعُوْٓا اِلَـیْہِ مِنْ قَـبْلُ:  ’’پھر جب وہ عطا کر دیتا ہے اسے کوئی نعمت اپنی طرف سے تو وہ جس چیز کے لیے پہلے اس کے حضور دعائیں  کر رہا تھا سب بھول جاتا ہے‘‘

        خَوَّلَ کے لفظی معنی اوڑھانے اورلپیٹنے کے ہیں ۔ اردو لفظ ’’خول‘‘ اسی سے مشتق ہے ۔ یعنی اللہ تعالیٰ اس کے گرد اپنی نعمت کا خول بنا دیتا ہے، اسے اپنی نعمت اوڑھا دیتا ہے یااپنی نعمت کے اندر اسے لپیٹ لیتا ہے۔

        وَجَعَلَ لِلّٰہِ اَنْدَادًا:  ’’اور وہ اللہ کے ّمد ِمقابل ٹھہرا لیتا ہے‘‘

        یعنی اللہ تعالیٰ کی نعمتوں  سے بہرہ ور ہونے کے بعد وہ قبل ازاں  مانگی ہوئی اپنی دعائوں  کو بھول جانے اور اللہ تعالیٰ سے اعراض کرنے پر ہی بس نہیں  کرتا ، بلکہ اس سے آگے بڑھ کر اللہ کے مد مقابل جھوٹے معبود بنانے کی جسارت بھی کر گزرتا ہے۔

        لِّیُضِلَّ عَنْ سَبِیْلِہٖ:  ’’تا کہ بہکائے لوگوں  کو اُس کے راستے سے۔ ‘‘

        قُلْ تَمَتَّعْ بِکُفْرِکَ قَلِیْلًا اِنَّکَ مِنْ اَصْحٰبِ النَّارِ:  ’’(اے نبی!)  آپ کہہ دیجیے کہ مزے اڑا لو اپنے کفر کے ساتھ تھوڑی دیر، یقینا تم آگ والوں  میں  سے ہو!‘‘

        کفر کی جو روش تم نے اختیار کر رکھی ہے ، اس کے ساتھ دنیا کی چند روزہ زندگی میں  جو عیش کر سکتے ہو کر لو، اس کے بعد تمہارا مستقل ٹھکانہ جہنم ہے۔ بالآخر اسی کی آگ میں  تمہیں  جھونک دیا جائے گا۔ 

UP
X
<>