May 17, 2024

قرآن کریم > الأحزاب >sorah 33 ayat 40

مَّا كَانَ مُحَمَّدٌ أَبَا أَحَدٍ مِّن رِّجَالِكُمْ وَلَكِن رَّسُولَ اللَّهِ وَخَاتَمَ النَّبِيِّينَ وَكَانَ اللَّهُ بِكُلِّ شَيْءٍ عَلِيمًا

(مسلمانو !) محمد (صلی اللہ علیہ وسلم) تم مردوں میں سے کسی کے باپ نہیں ہیں ، لیکن وہ اﷲ کے رسول ہیں، اور تمام نبیوں میں سب سے آخری نبی ہیں ۔ اور اﷲ ہر بات کو خوب جاننے والا ہے

آیت ۴۰    مَا کَانَ مُحَمَّدٌ اَبَآ اَحَدٍ مِّنْ رِّجَالِکُمْ: ’’(دیکھو!) محمد  تمہارے مردوں میں سے کسی کے باپ نہیں ہیں‘‘

        یہاں ایک دوسرے انداز میں واضح کر دیا گیا کہ محمد  تم میں سے کسی مرد کے باپ نہیں ہیں۔ زیدؓ بن حارثہ محض آپؐ کے منہ بولے بیٹے تھے۔ اب جبکہ اس ضمن میں ایک واضح حکم نازل ہو چکا ہے تو یہ معاملہ ہمیشہ کے لیے صاف ہو جانا چاہیے۔

        حضور  کے ہاں جو نرینہ اولاد ہوئی اسے اللہ تعالیٰ نے بچپن میں ہی اٹھا لیا۔ آپؐ کی آخری عمر میں حضرت ماریہ قبطیہ کے بطن سے حضرت ابراہیم کی ولادت ہوئی لیکن وہ بھی بچپن ہی میں فوت ہو گئے۔ آپؐ کو اپنے بیٹے ابراہیمؓ سے بہت محبت تھی۔ ان کی وفات سے حضور  کو بہت تکلیف پہنچی، جس کا اظہار آپؐ کے اس فرمان سے ہوتا ہے: یا ابراہیم انا بِفِراقِک لمحزونون ’’اے ابراہیم! ہم تمہاری جدائی میں بہت رنجیدہ ہیں۔‘‘

        یہ عجیب اتفاق ہے کہ ابوالانبیاء حضرت ابراہیم کی زوجہ محترمہ حضرت ہاجرہؑ کا تعلق بھی مصرسے تھا جن کے بطن سے حضرت اسماعیل پیدا ہوئے۔ حضرت اسماعیل کی نسل سے حضور  کا تعلق ہے اور حضورؐ نے اپنے اس بیٹے کا نام ابراہیمؓ رکھا جو مصر سے تعلق رکھنے والی حضرت ماریہ قبطیہ کے بطن سے تھا۔

        وَلٰکِنْ رَّسُوْلَ اللّٰہِ وَخَاتَمَ النَّبِیّٖنَ: ’’بلکہ آپؐ اللہ کے رسولؐ ہیں اور سب نبیوں پر مہر ہیں۔‘‘

        محمد  اللہ کے رسول اور خاتم الانبیاء ہیں۔ آپؐ کی آمد سے نبیوں کے سلسلہ پر مہر لگ گئی، اب آپؐ کے بعد کوئی نبی آنے والا نہیں ہے۔ چنانچہ جاہلیت کی غلط رسومات اگر آپؐ ختم نہ کرتے تو آپؐ کے بعد پھر اور کون انہیں ختم کرتا؟ اگر آپؐ ذاتی مثال قائم کرتے ہوئے اپنے منہ بولے بیٹے کی مطلقہ سے نکاح نہ کرتے تو یہ رسم اس طرح حتمی انداز میں ختم نہ ہوتی۔

        یہاں اس آیت کے حوالے سے رسالت اور نبوت میں لطیف فرق کو بھی سمجھ لیجیے۔ دونوں میں فرق یہ ہے کہ نبوت آپؐ پر ختم ہو گئی، لیکن آپ  کی رسالت اب بھی قائم و دائم ہے اور تا قیام قیامت قائم و دائم رہے گی۔ اپنی حیات مبارکہ میں آپؐ براہِ راست بنفس نفیس رسالت کے فرائض سر انجام دے رہے تھے مگر اب آپؐ کے امتی آپؐ کی طرف سے یہ فریضہ ادا کر رہے ہیں۔ چنانچہ آج دین کے جو خدام قرآن کا پیغام خلق ِخدا تک پہنچا رہے ہیں وہ گویا رسالت ِمحمدیؐ ہی کا پیغام پہنچا رہے ہیں۔ سورۃ الانعام کی آیت: ۱۹ کے یہ الفاظ گویا اسی صورت حال کی طرف اشارہ کر رہے ہیں: (وَاُوْحِیَ اِلَیَّ ہٰذَا الْقُرْاٰنُ لِاُنْذِرَکُمْ بِہٖ وَمَنْ بَلَغَ) ’’اور میری جانب یہ قرآن وحی کیا گیا ہے تا کہ میں تمہیں خبردار کر دوں اس کے ذریعے سے اور اس کو بھی جس تک یہ پہنچ جائے‘‘ ۔ حجۃ الوداع کے موقع پر حضور  نے اپنی رسالت کی ترویج و اشاعت کا یہ فریضہ امت کو سونپتے ہوئے ارشاد فرمایا تھا: ((فَلْیُبَلِّغِ الشَّاھِدُ الْغَائِبَ)) ’’اب پہنچائیں وہ جو موجود ہیں ان تک جو موجود نہیں ہیں‘‘۔ لہٰذا محمد ٌ رسول اللہ  کی رسالت آپؐ کی اُمت کے ذریعے سے مسلسل قائم و دائم ہے۔ یہی وجہ ہے کہ یہاں ’’خاتم‘‘ کا جو لفظ آیا ہے وہ رسالت کے لیے نہیں بلکہ نبوت کے لیے آیا ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ جیسے ہی آپؐ نے اس دنیا سے پردہ فرمایا وحی کا باب ہمیشہ کے لیے بند ہو گیا اور اس کے ساتھ ہی نبوت کا دروازہ بھی بند ہو گیا۔ گویا نبوتِ محمدیؐ اس دنیا میں حضور  کی ذات کے ساتھ قائم تھی اور آپؐ کے وصال کے ساتھ ختم ہو گئی، لیکن رسالت ِمحمدؐ ی قیامت تک قائم رہے گی۔

        وَکَانَ اللّٰہُ بِکُلِّ شَیْئٍ عَلِیْمًا: ’’اور یقینا اللہ ہر چیز کا علم رکھنے والا ہے۔‘‘ 

UP
X
<>