May 19, 2024

قرآن کریم > الكهف >surah 18 ayat 58

وَرَبُّكَ الْغَفُورُ ذُو الرَّحْمَةِ لَوْ يُؤَاخِذُهُم بِمَا كَسَبُوا لَعَجَّلَ لَهُمُ الْعَذَابَ بَل لَّهُم مَّوْعِدٌ لَّن يَجِدُوا مِن دُونِهِ مَوْئِلاً

اور تمہارا پروردگار بہت بخشنے والا، بڑا رحمت والا ہے۔ جو کمائی انہوں نے کی ہے، اگر وہ اس کی وجہ سے انہیں پکڑنے پر آتا تو ان کو جلد ہی عذاب دے دیتا، لیکن ان کیلئے ایک وقت مقرر ہے، جس سے بچنے کیلئے انہیں کوئی پناہ گاہ نہیں ملے گی

 آیت ۵۸:   وَرَبُّکَ الْغَفُوْرُذُوالرَّحْمَۃِ لَوْ یُؤَاخِذُہُمْ بِمَا کَسَبُوْا لَعَجَّلَ لَہُمُ الْعَذَابَ:   «اور آپ کا رب بہت بخشنے والا، بہت رحمت والا ہے۔ اگر وہ مواخذہ کرتا ان کا بسبب ان کے اعمال کے تو بہت جلدی بھیج دیتا ان پر عذاب۔»

            یہ مضمون سورۃ النحل، آیت: ۶۱ اور سوره فاطر، آیت: ۴۵ میں بھی بڑی وضاحت سے بیان ہوا ہے کہ اگر اللہ تعالیٰ لوگوں کے ظلم اور برے اعمال کے سبب ان کا مؤاخذہ کرتا تو روئے زمین پر کوئی متنفس زندہ نہ بچتا۔

               بَلْ لَّہُمْ مَّوْعِدٌ لَّنْ یَّجِدُوْا مِنْ دُوْنِہِ مَوْئِلًا:   «بلکہ ان کے لیے وعدے کا ایک وقت معین ہے اور وہ ہر گز نہیں پائیں گے اس کے سوا بچنے کی کوئی جگہ۔»

            جب کسی کے وعدے کی مقررہ گھڑی (اجل) آ پہنچے گی تو اسے کوئی جائے پناہ نہیں ملے گی اور اس کے لیے اس سے سرک کر اِدھر اُدھر ہونے کی کوئی گنجائش نہیں ہو گی:   فَاِذَاجَآءَ اَجَلُہُمْ لاَ یَسْتَاْخِرُوْنَ سَاعَۃً وَّلاَ یَسْتَقْدِمُوْنَ.   (النحل) «پھر جب آ جاتا ہے اُن کا وقت معین تو نہ وہ پیچھے رہ سکتے ہیں ایک لمحہ اور نہ آگے بڑھ سکتے ہیں۔»

UP
X
<>