May 19, 2024

قرآن کریم > الكهف >surah 18 ayat 56

وَمَا نُرْسِلُ الْمُرْسَلِينَ إِلاَّ مُبَشِّرِينَ وَمُنذِرِينَ وَيُجَادِلُ الَّذِينَ كَفَرُوا بِالْبَاطِلِ لِيُدْحِضُوا بِهِ الْحَقَّ وَاتَّخَذُوا آيَاتِي وَمَا أُنذِرُوا هُزُوًا 

اور ہم پیغمبروں کو صرف اس لئے بھیجتے ہیں کہ وہ (مومنوں کو) خوشخبری دیں ، اور (کافروں کو عذاب سے) متنبہ کریں ۔ اور جن لوگوں نے کفر اَپنا لیا ہے، وہ باطل کا سہارا لے کر جھگڑا کرتے ہیں ، تاکہ اُس کے ذریعے حق کو ڈگمگادیں ، اور انہوں نے میری آیتوں کو اور اُنہیں جو تنبیہ کی گئی تھی، اُس کو مذاق بنا رکھا ہے

 آیت ۵۶:   وَمَا نُرْسِلُ الْمُرْسَلِیْنَ اِلَّا مُبَشِّرِیْنَ وَمُنْذِرِیْنَ:   «اور ہم نہیں بھیجتے رسولوں کو مگر خوشخبری دینے والے اور خبردار کرنے والے (بنا کر)»

            یہ مضمون جو یہاں سب رسولوں کے متعلق جمع کے صیغے میں آیا ہے، سورۂ بنی اسرائیل میں حضور کے لیے صیغۂ واحد میں یوں آیا ہے:    وَمَآ اَرْسَلْنٰکَ اِلاَّ مُبَشِّرًا وَّنَذِیْرًا: «اور (اے محمد!) ہم نے نہیں بھیجا آپ کو مگر مبشر اور نذیر بنا کر۔»

               وَیُجَادِلُ الَّذِیْنَ کَفَرُوْا بِالْبَاطِلِ لِیُدْحِضُوْا بِہِ الْحَقَّ:  «اور یہ کافر لوگ جھگڑتے ہیں جھوٹ کی طرف سے تا کہ بچلا دیں اس کے ساتھ حق کو»

            یہ لوگ باطل کے ساتھ کھڑے ہو کر حق کو شکست دینے کے لیے مناظرے اور کٹ حجتیاں کر رہے ہیں۔

               وَاتَّخَذُوْٓا اٰیٰتِیْ وَمَآ اُنْذِرُوْا ہُزُوًا:   «اور انہوں نے میری آیات کو اور (اس چیز کو) جس کے ساتھ انہیں خبردار کیا گیا تھا مذاق بنا لیا ہے۔»

UP
X
<>