May 18, 2024

قرآن کریم > النحل >surah 16 ayat 56

وَيَجْعَلُونَ لِمَا لاَ يَعْلَمُونَ نَصِيبًا مِّمَّا رَزَقْنَاهُمْ تَاللَّهِ لَتُسْأَلُنَّ عَمَّا كُنتُمْ تَفْتَرُونَ 

اور ہم نے جو رزق اُنہیں دیا ہے، اُس میں وہ اُن (بتوں ) کا حصہ لگاتے ہیں جن کی حقیقت خود اُنہیں معلوم نہیں ہے۔ اﷲ کی قسم ! تم سے ضرور باز پُرس ہوگی کہ تم کیسے بہتان باندھا کرتے تھے

 آیت ۵۶:  وَیَجْعَلُوْنَ لِمَا لاَ یَعْلَمُوْنَ نَصِیْبًا مِّمَّا رَزَقْنٰـہُمْ:  «اور وہ بنا دیتے ہیں ان کے لیے جن کے بارے میں انہیں کوئی علم ہی نہیں، ایک حصہ اس میں سے جو رزق ہم نے انہیں دیا ہے۔»

            اللہ تعالیٰ ہی کے عطا کردہ رزق میں سے وہ لوگ اللہ کے ان شریکوں کے لیے بھی حصے نکالتے تھے جن کے بارے میں کوئی علمی سند یا واضح دلیل بھی ان کے پاس موجود نہیں تھی۔ یہ مضمون سورۃ الانعام کی آیت: ۱۳۶میں بھی آ چکا ہے کہ وہ لوگ اپنی کھیتیوں کی پیداوار اور جانوروں میں سے جہاں اللہ کے لیے حصہ نکالتے تھے وہاں اپنے جھوٹے معبودوں کے حصے کے لیے بھی خاص اہتمام کرتے تھے۔

             تَاللّٰہِ لَتُسْئَلُنَّ عَمَّا کُنْتُمْ تَفْتَرُوْنَ:  «اللہ کی قسم! ضرور سوال کیا جائے گا تم سے اس بارے میں جو افترا تم لوگ کرتے تھے۔» 

UP
X
<>