May 18, 2024

قرآن کریم > هود >surah 11 ayat 14

فَإِن لَّمْ يَسْتَجِيبُواْ لَكُمْ فَاعْلَمُواْ أَنَّمَا أُنزِلِ بِعِلْمِ اللَّهِ وَأَن لاَّ إِلَهَ إِلاَّ هُوَ فَهَلْ أَنتُم مُّسْلِمُونَ

اس کے بعد اگر یہ تمہاری بات قبول نہ کریں تو (اے لوگو !) یقین کر لو کہ یہ وحی صرف اﷲ کے علم سے اُتری ہے، اور یہ کہ اﷲ کے سوا کوئی عبادت کے لائق نہیں ہے۔ تو کیا اب تم فرماں بردار بنو گے ؟

 آیت ۱۴:  فَاِ لَّمْ یَسْتَجِیْبُوْا لَـکُمْ:  «پھر اگر وہ (تمہارے مدد گار) تمہاری اس دعا کو قبول نہ کریں»

            یعنی اگر وہ اس چیلنج کو قبول کرنے کی جرأت نہ کر سکیں اور تمہاری مدد کو نہ پہنچ سکیں:

             فَاعْلَمُوْٓا اَنَّمَآ اُنْزِلَ بِعِلْمِ اللّٰہِ وَاَنْ لآَّ اِلٰہَ اِلاَّ ہُوَ فَہَلْ اَنْتُمْ مُّسْلِمُوْنَ:  «تو جان لو کہ یہ اللہ ہی کے علم سے نازل ہوا ہے اور یہ کہ کوئی معبود نہیں ہے سوائے اُس کے۔ تو کیا اب تم سرتسلیم خم کرتے ہو؟»

            یہ کفار ہی سے خطاب ہے کہ تم لوگ اس چیلنج کا جواب دینے کے لیے اپنے معبودوں کو پکار دیکھو، کچھ خود محنت کرو اور کچھ اُن سے کہو کہ وہ القاء اور الہام کریں اور اس طرح مل جل کر دس سورتیں بنا لاؤ۔  اور اگر تمہارے یہ معبود تمہاری اس درخواست کو قبول نہ کر سکیں تو جان لو کہ نہ صرف یہ قرآن اللہ کی طرف سے نازل ہوا ہے بلکہ اللہ کے سوا کوئی اور معبود بھی نہیں۔  تو اس سب کچھ کے بعد بھی کیا تم ماننے والے نہیں ہو؟ زورِ استدلال ملاحظہ ہو کہ ایک ہی دلیل سے قرآن حکیم کے کلامِ الٰہی ہونے کا ثبوت بھی دیا گیا ہے اور اللہ تعالیٰ کی توحید کا بھی۔ 

UP
X
<>