فہرست مضامین > قران كي حكايات >حضرت ذو الكفل عليه السلام كا قصه
حضرت ذو الكفل عليه السلام كا قصه
وَاِسْمٰعِيْلَ وَاِدْرِيْسَ وَذَا الْكِفْلِ ۭ كُلٌّ مِّنَ الصّٰبِرِيْنَ
تشریح آیت ۸۵: وَاِسْمٰعِیْلَ وَاِدْرِیْسَ وَذَا الْکِفْلِ کُلٌّ مِّنَ الصّٰبِرِیْنَ: «اور (اسی طرح) اسماعیل اور ادریس اور ذو الکفل (پر بھی ہم نے فضل کیا)۔ وہ سب صابرین میں سے تھے۔»
حضرت ادریس کا ذکر سورۂ مریم کی آیت: ۵۶ کے ضمن میں بھی آ چکا ہے کہ آپ حضرت آدم کے بعد اورحضرت نوح سے پہلے مبعوث ہوئے تھے۔ ان سے قبل حضرت شیث کی بعثت بھی ہو چکی تھی۔ حضرت ذوالکفل کے بارے میں کہیں سے کوئی معلومات دستیاب نہیں ہیں کہ آپ کب اور کس علاقے میں مبعوث ہوئے۔ احادیث میں بھی آپ کا تذکرہ نہیں ملتا۔ البتہ موجودہ دور کے ایک عالم اور محقق مولانا مناظر احسن گیلانی کا خیال ہے کہ ذوالکفل سے مراد گوتم بدھ ہیں اور یہ کہ گوتم بدھ اللہ کے نبی تھے۔ ان کے اس دعویٰ کے بارے میں یقین سے تو کچھ نہیں کہا جا سکتا، لیکن اس سلسلے میں مولانا کے دلائل میں بہرحال بہت وزن ہے۔ گوتم بدھ کے بارے میں تاریخی اعتبار سے ہمیں اس قدر معلومات ملتی ہیں کہ وہ ریاست «کپل وستو» کے شہزادے تھے۔ مولانا کے مطابق «کپل» ہی دراصل «کفل» ہے یعنی ہندی کی «پ» عربی کی «ف» سے بدل گئی ہے۔ اس طرح ذوالکفل کا مطلب ہے : «کفل (کپل) والا»۔ یعنی کپل ریاست کا والی (سدھار کا بدھا یا گوتم بدھا)۔
آج جو عقائد گوتم بدھ سے منسوب کیے جاتے ہیں، ان میں یقینابہت کچھ تحریف بھی شامل ہو چکی ہو گی۔ جیسے حضرت عیسیٰ کی تعلیمات میں بھی آپ کے پیروکاروں نے بہت سے من گھڑت عقائد شامل کر لیے ہیں۔ ممکن ہے کہ گوتم بدھ کی اصل تعلیمات الہامی ہی ہوں اور بعد کے زمانے میں ان میں تحریف کر دی گئی ہو۔ بہر حال میں سمجھتا ہوں کہ اس ضمن میں مولانا مناظر احسن گیلانی کے دلائل کافی معقول اور ٹھوس ہیں۔
اور اسماعیل اور ادریس اور ذُوالکفل کو دیکھو ! یہ سب صبر کرنے والوں میں سے تھے
وَاذْكُرْ إِسْمَاعِيلَ وَالْيَسَعَ وَذَا الْكِفْلِ وَكُلٌّ مِّنْ الأَخْيَارِ
تشریحآیت ۴۸: وَاذْکُرْ اِسْمٰعِیْلَ وَالْیَسَعَ وَذَا الْکِفْلِ وَکُلٌّ مِّنَ الْاَخْیَارِ: ’’اور ذکرکیجیے اسماعیل الیسع اور ذوالکفل ؑکا‘ یہ سب بھی بہت عمدہ لوگوں میں سے تھے۔‘‘
حضرت الیسع اور حضرت ذوالکفل کے بارے میں آج ہمیں یقینی معلومات میسر نہیں۔ سورۃ الانبیاء (آیت: ۸۵) کی تشریح کے ذیل میں مولانا مناظر احسن گیلانیؒ کا یہ خیال نقل کیا گیا تھا (اور مجھے اس سے کسی حد تک اتفاق ہے) کہ قرآن میں ذو الکفل ؑکے نام سے جس پیغمبر کا ذکر ہوا ہے وہ دراصل گوتم بدھ تھے۔ ان کا اصل نام سدھارتا تھا۔ ’’گوتم بدھ‘‘ یا ’’گوتما بدھا‘‘ ان کا لقب تھا جو بعد میں مشہور ہوا۔ آپ ریاست ’’کپل وستو‘‘ کے ولی عہد تھے۔ چنانچہ جن محققین کا خیال ہے کہ قرآن میں ذوالکفل کے نام سے گوتم بدھ ہی کا ذکر ہے ان کی دلیل یہ ہے کہ ’’کفل‘‘ دراصل ’’کپل‘‘ ہی کی بدلی ہوئی شکل ہے۔ یعنی ہندی ’’پ‘‘ کی جگہ عربی کی ’’ف‘‘ نے لے لی ہے اور اس طرح گویا ذوالکفل کے معنی ہیں ’’کپل (ریاست) والا۔‘‘
اور اِسماعیل اور اَلیسع اور ذُوالکفل کو یاد کرو۔ اور یہ سب بہترین لوگوں میں سے تھے