April 19, 2024

فہرست مضامین > قران كي حكايات >حضرت لوط عليه السلام كا قصه

حضرت لوط عليه السلام كا قصه

پارہ
سورۃ
آیت
X
7
6 الأنعام
86-90

وَإِسْمَاعِيلَ وَالْيَسَعَ وَيُونُسَ وَلُوطًا وَكُلاًّ فضَّلْنَا عَلَى الْعَالَمِينَ 

تشریح

نیز اسماعیل، الیسع، یونس اور لوط کو بھی۔ اور ان سب کو ہم نے دنیا جہان کے لوگوں پر فضیلت بخشی تھی

وَمِنْ آبَائِهِمْ وَذُرِّيَّاتِهِمْ وَإِخْوَانِهِمْ وَاجْتَبَيْنَاهُمْ وَهَدَيْنَاهُمْ إِلَى صِرَاطٍ مُّسْتَقِيمٍ 

تشریح

اور ان کے باپ دادوں ، ان کی اولادوں اور ان کے بھائیوں میں سے بھی بہت سے لوگوں کو۔ ہم نے اِن سب کو منتخب کر کے راہِ راست تک پہنچا دیا تھا

ذَلِكَ هُدَى اللَّهِ يَهْدِي بِهِ مَن يَشَاء مِنْ عِبَادِهِ وَلَوْ أَشْرَكُواْ لَحَبِطَ عَنْهُم مَّا كَانُواْ يَعْمَلُونَ 

تشریح

یہ اﷲ کی دی ہوئی ہدایت ہے جس کے ذریعے وہ اپنے بندوں میں سے جس کو چاہتا ہے راہِ راست تک پہنچا دیتا ہے۔ اور اگر وہ شرک کرنے لگتے تو ان کے سارے (نیک) اعمال اکارت ہو جاتے

أُوْلَئِكَ الَّذِينَ آتَيْنَاهُمُ الْكِتَابَ وَالْحُكْمَ وَالنُّبُوَّةَ فَإِن يَكْفُرْ بِهَا هَؤُلاء فَقَدْ وَكَّلْنَا بِهَا قَوْمًا لَّيْسُواْ بِهَا بِكَافِرِينَ 

تشریح

وہ لوگ تھے جن کو ہم نے کتاب، حکمت اور نبوت عطا کی تھی۔ اب اگر یہ (عرب کے) لوگ اس (نبوت) کا انکار کریں تو (کچھ پرواہ نہ کرو، کیونکہ) اس کے ماننے کیلئے ہم نے ایسے لوگ مقرر کر دیئے ہیں جو اس کے منکر نہیں

أُوْلَئِكَ الَّذِينَ هَدَى اللَّهُ فَبِهُدَاهُمُ اقْتَدِهْ قُل لاَّ أَسْأَلُكُمْ عَلَيْهِ أَجْرًا إِنْ هُوَ إِلاَّ ذِكْرَى لِلْعَالَمِينَ

تشریح

یہ لوگ (جن کا ذکر اُوپر ہوا) وہ تھے جن کو اﷲ نے (مخالفین کے رویے پر صبر کرنے کی) ہدایت کی تھی، لہٰذا (اے پیغمبر !) تم بھی انہی کے راستے پر چلو۔ (مخالفین سے) کہہ دو کہ میں تم سے اِس (دعوت) پر کوئی اجرت نہیں مانگتا۔ یہ تو دُنیا جہان کے سب لوگوں کیلئے ایک نصیحت ہے اور بس

8
7 الأعراف
80-84

وَلُوطًا إِذْ قَالَ لِقَوْمِهِ أَتَأْتُونَ الْفَاحِشَةَ مَا سَبَقَكُم بِهَا مِنْ أَحَدٍ مِّن الْعَالَمِينَ 

تشریح

اور ہم نے لوط کو بھیجا، جب اُس نے اپنی قوم سے کہا : ’’ کیا تم اُس بے حیائی کا ارتکاب کرتے ہو جو تم سے پہلے دنیا جہان کے کسی شخص نے نہیں کی ؟

إِنَّكُمْ لَتَأْتُونَ الرِّجَالَ شَهْوَةً مِّن دُونِ النِّسَاء بَلْ أَنتُمْ قَوْمٌ مُّسْرِفُونَ 

تشریح

تم جنسی ہوس پوری کرنے کیلئے عورتوں کے بجائے مردوں کے پاس جاتے ہو۔ (اور یہ کوئی اتفاقی واقعہ نہیں) بلکہ تم ایسے لوگ ہو کہ (شرافت کی) تمام حدیں پھلانگ چکے ہو۔ ‘‘

وَمَا كَانَ جَوَابَ قَوْمِهِ إِلاَّ أَن قَالُواْ أَخْرِجُوهُم مِّن قَرْيَتِكُمْ إِنَّهُمْ أُنَاسٌ يَتَطَهَّرُونَ 

تشریح

اُن کی قوم کا جواب یہ کہنے کے سوا کچھ اور نہیں تھا کہ : ’’ نکالو اِن کو اپنی بستی سے ! یہ لوگ ہیں جو بڑے پاکباز بنتے ہیں ! ‘‘

فَأَنجَيْنَاهُ وَأَهْلَهُ إِلاَّ امْرَأَتَهُ كَانَتْ مِنَ الْغَابِرِينَ 

تشریح

 

پھر ہوا یہ کہ ہم نے اُن کو (یعنی لوط علیہ السلام کو) اور ان کے گھروالوں کو (بستی سے نکال کر) بچالیا، البتہ اُن کی بیوی تھی جو باقی لوگوں میں شامل رہی (جو عذاب کا نشانہ بنے)

 

وَأَمْطَرْنَا عَلَيْهِم مَّطَرًا فَانظُرْ كَيْفَ كَانَ عَاقِبَةُ الْمُجْرِمِينَ 

تشریح

اور ہم نے اُن پر (پتھروں کی) ایک بارش برسائی۔ اب دیکھو ! ان مجرموں کا انجام کیسا (ہولناک) ہوا ؟

12
11 هود
74-83

فَلَمَّا ذَهَبَ عَنْ إِبْرَاهِيمَ الرَّوْعُ وَجَاءتْهُ الْبُشْرَى يُجَادِلُنَا فِي قَوْمِ لُوطٍ 

تشریح

 

پھر جب اِبراہیم سے گھبراہٹ دُور ہوئی، اور اُن کو خوشخبری مل گئی تو اُنہوں نے ہم سے لوط کی قوم کے بارے میں (ناز کے طور پر) جھگڑنا شروع کر دیا

 

إِنَّ إِبْرَاهِيمَ لَحَلِيمٌ أَوَّاهٌ مُّنِيبٌ

تشریح

حقیقت یہ ہے کہ ابراہیم بڑے بردبار، (اﷲ کی یاد میں ) بڑی آہیں بھرنے والے، (اور) ہر وقت ہم سے لَو لگائے ہوئے تھے

يَا إِبْرَاهِيمُ أَعْرِضْ عَنْ هَذَا إِنَّهُ قَدْ جَاء أَمْرُ رَبِّكَ وَإِنَّهُمْ آتِيهِمْ عَذَابٌ غَيْرُ مَرْدُودٍ 

تشریح

 (ہم نے اُن سے کہا :) ’’ ابراہیم ! اِس بات کو جانے دو۔ یقین کرلو کہ تمہارے رَبّ کا حکم آچکا ہے، اور ان لوگوں پر ایسا عذاب آکر رہے گا جس کو کوئی پیچھے نہیں لوٹا سکتا۔ ‘‘

وَلَمَّا جَاءتْ رُسُلُنَا لُوطًا سِيءَ بِهِمْ وَضَاقَ بِهِمْ ذَرْعًا وَقَالَ هَذَا يَوْمٌ عَصِيبٌ

تشریح

اور جب ہمارے فرشتے لوط کے پاس پہنچے تو وہ اُن کی وجہ سے گھبرائے، اُن کا دل پریشان ہوا، اور وہ کہنے لگے کہ : ’’ آج کا یہ دن بہت کٹھن ہے۔ ‘‘

وَجَاءهُ قَوْمُهُ يُهْرَعُونَ إِلَيْهِ وَمِن قَبْلُ كَانُواْ يَعْمَلُونَ السَّيِّئَاتِ قَالَ يَا قَوْمِ هَؤُلاء بَنَاتِي هُنَّ أَطْهَرُ لَكُمْ فَاتَّقُواْ اللَّهَ وَلاَ تُخْزُونِ فِي ضَيْفِي أَلَيْسَ مِنكُمْ رَجُلٌ رَّشِيدٌ 

تشریح

اور اُن کی قوم کے لوگ اُن کے پاس دوڑتے ہوئے آئے، اور اس سے پہلے وہ برے کام کیا ہی کرتے تھے۔ لوط نے کہا : ’’ اے میری قوم کے لوگو ! یہ میری بیٹیاں موجود ہیں ، یہ تمہارے لئے کہیں زیادہ پاکیزہ ہیں ، اس لئے اﷲ سے ڈرو، اور میرے مہمانوں کے معاملے میں مجھے رُسوا نہ کرو۔ کیا تم میں کوئی ایک بھلا آدمی نہیں ہے ؟ ‘‘

قَالُواْ لَقَدْ عَلِمْتَ مَا لَنَا فِي بَنَاتِكَ مِنْ حَقٍّ وَإِنَّكَ لَتَعْلَمُ مَا نُرِيدُ

تشریح

کہنے لگے : ’’ تمہیں معلوم ہے کہ تمہاری بیٹیوں سے ہمیں کچھ مطلب نہیں ، اور تم خوب جانتے ہو کہ ہم کیا چاہتے ہیں ؟ ‘‘

قَالَ لَوْ أَنَّ لِي بِكُمْ قُوَّةً أَوْ آوِي إِلَى رُكْنٍ شَدِيدٍ

تشریح

لوط نے کہا : ’’کاش کہ میرے پاس ان کے مقابلے پر کوئی طاقت ہوتی، یا میں کسی مضبوط سہارے کی پناہ لے سکتا ! ‘‘

قَالُواْ يَا لُوطُ إِنَّا رُسُلُ رَبِّكَ لَن يَصِلُواْ إِلَيْكَ فَأَسْرِ بِأَهْلِكَ بِقِطْعٍ مِّنَ اللَّيْلِ وَلاَ يَلْتَفِتْ مِنكُمْ أَحَدٌ إِلاَّ امْرَأَتَكَ إِنَّهُ مُصِيبُهَا مَا أَصَابَهُمْ إِنَّ مَوْعِدَهُمُ الصُّبْحُ أَلَيْسَ الصُّبْحُ بِقَرِيبٍ 

تشریح

(اب) فرشتوں نے (لوط سے) کہا : ’’ ہم تمہارے پروردگار کے بھیجے ہوئے فرشتے ہیں ۔ یہ (کافر) لوگ ہر گز تم تک رسائی حاصل نہیں کر سکیں گے۔ لہٰذا تم رات کے کسی حصے میں اپنے گھر والوں کو لے کر بستی سے روانہ ہو جاؤ، اور تم میں سے کوئی پیچھے مڑ کر بھی نہ دیکھے۔ ہاں مگر تمہاری بیوی (تمہارے ساتھ نہیں جائے گی) اُس پر بھی وہی مصیبت آنے والی ہے جو اور لوگوں پر آرہی ہے۔ یقین رکھو کہ ان (پر عذاب نازل کرنے) کیلئے صبح کا وقت مقرّر ہے۔ کیا صبح بالکل نزدیک نہیں آگئی ؟ ‘‘

فَلَمَّا جَاء أَمْرُنَا جَعَلْنَا عَالِيَهَا سَافِلَهَا وَأَمْطَرْنَا عَلَيْهَا حِجَارَةً مِّن سِجِّيلٍ مَّنضُودٍ 

تشریح

پھر جب ہمارا حکم آگیا تو ہم نے اس زمین کے اُوپر والے حصے کو نیچے والے حصے میں تبدیل کر دیا، اور ان پر پکی مٹی کے تہہ در تہہ پتھر برسائے

مُّسَوَّمَةً عِندَ رَبِّكَ وَمَا هِيَ مِنَ الظَّالِمِينَ بِبَعِيدٍ 

تشریح

جن پر تمہارے رَبّ کی طرف سے نشان لگے ہوئے تھے۔ اور یہ بستی (مکہ کے ان) ظالموں سے کچھ دُور نہیں ہے

14
15 الحجر
58-77

قَالُواْ إِنَّا أُرْسِلْنَا إِلَى قَوْمٍ مُّجْرِمِينَ 

تشریح

انہوں نے کہا : ’’ ہمیں ایک مجرم قوم کی طرف (عذاب نازل کرنے کیلئے) بھیجا گیا ہے

إِلاَّ آلَ لُوطٍ إِنَّا لَمُنَجُّوهُمْ أَجْمَعِينَ 

تشریح

البتہ لوط کے گھر والے اس سے مستثنیٰ ہیں، اُن سب کو ہم بچالیں گے

إِلاَّ امْرَأَتَهُ قَدَّرْنَا إِنَّهَا لَمِنَ الْغَابِرِينَ 

تشریح

سوائے اُن کی بیوی کے۔ ہم نے یہ طے کر رکھا ہے کہ وہ اُن لوگوں میں شامل رہے گی جو (عذاب کا نشانہ بننے کیلئے) پیچھے رہ جائیں گے

فَلَمَّا جَاء آلَ لُوطٍ الْمُرْسَلُونَ

تشریح

چنانچہ جب یہ فرشتے لوط کے گھر والوں کے پاس پہنچے

قَالَ إِنَّكُمْ قَوْمٌ مُّنكَرُونَ 

تشریح

تو لوط نے کہا : ’’ آپ لوگ اجنبی معلوم ہوتے ہیں ۔‘‘

قَالُواْ بَلْ جِئْنَاكَ بِمَا كَانُواْ فِيهِ يَمْتَرُونَ 

تشریح

انہوں نے کہا : ’’ نہیں ، بلکہ ہم آپ کے پاس وہ (عذاب) لے کر آئے ہیں جس میں یہ لوگ شک کیا کرتے تھے

وَأَتَيْنَاكَ بَالْحَقِّ وَإِنَّا لَصَادِقُونَ 

تشریح

ہم آپ کے پاس اٹل فیصلہ لے کر آئے ہیں ، اور یقین رکھئے کہ ہم سچے ہیں

فَأَسْرِ بِأَهْلِكَ بِقِطْعٍ مِّنَ اللَّيْلِ وَاتَّبِعْ أَدْبَارَهُمْ وَلاَ يَلْتَفِتْ مِنكُمْ أَحَدٌ وَامْضُواْ حَيْثُ تُؤْمَرُونَ 

تشریح

لہٰذا آپ رات کے کسی حصے میں اپنے گھر والوں کو لے کر نکل جایئے، اور آپ خود ان کے پیچھے پیچھے چلئے، اور آپ میں سے کوئی پیچھے مڑ کر نہ دیکھے، اور وہیں جانے کیلئے چلتے رہیں جہاں کا آپ کو حکم دیا جارہا ہے۔‘‘

وَقَضَيْنَا إِلَيْهِ ذَلِكَ الأَمْرَ أَنَّ دَابِرَ هَؤُلاء مَقْطُوعٌ مُّصْبِحِينَ 

تشریح

اور (اس طرح) ہم نے لوط تک اپنا یہ فیصلہ پہنچا دیا کہ صبح ہوتے ہی ان لوگوں کی جڑ کاٹ کر رکھ دی جائے گی

وَجَاء أَهْلُ الْمَدِينَةِ يَسْتَبْشِرُونَ 

تشریح

اور شہر والے خوشی مناتے ہوئے (لوط کے پاس) آپہنچے

قَالَ إِنَّ هَؤُلاء ضَيْفِي فَلاَ تَفْضَحُونِ 

تشریح

لوط نے (ان سے) کہا کہ : ’’ یہ لوگ میرے مہمان ہیں ، لہٰذا مجھے رُسوا نہ کرو

وَاتَّقُوا اللَّهَ وَلاَ تُخْزُونِ

تشریح

اور اﷲ سے ڈرو، اور مجھے ذلیل نہ کرو۔‘‘

قَالُوا أَوَلَمْ نَنْهَكَ عَنِ الْعَالَمِينَ 

تشریح

کہنے لگے : ’’ کیا ہم نے آپ کو پہلے ہی دنیا جہان کے لوگوں (کو مہمان بنانے) سے منع نہیں کر رکھا تھا؟‘‘

قَالَ هَؤُلاء بَنَاتِي إِن كُنتُمْ فَاعِلِينَ

تشریح

لوط نے کہا : ’’ اگر تم میرے کہنے پر عمل کرو تو یہ میری بیٹیاں (جو تمہارے نکاح میں ہیں ، تمہارے پاس) موجود ہی ہیں ۔‘‘

لَعَمْرُكَ إِنَّهُمْ لَفِي سَكْرَتِهِمْ يَعْمَهُونَ 

تشریح

(اے پیغمبر !) تمہاری زندگی کی قسم ! حقیقت یہ ہے کہ وہ لوگ اپنی بدمستی میں اندھے بنے ہوئے تھے

فَأَخَذَتْهُمُ الصَّيْحَةُ مُشْرِقِينَ 

تشریح

چنانچہ سورج نکلتے ہی ان کو چنگھاڑ نے آپکڑا

فَجَعَلْنَا عَالِيَهَا سَافِلَهَا وَأَمْطَرْنَا عَلَيْهِمْ حِجَارَةً مِّن سِجِّيلٍ 

تشریح

پھر ہم نے اُس زمین کو تہ وبالا کر کے رکھ دیا، اور ان پر پکی مٹی کے پتھروں کی بارش برسادی

إِنَّ فِي ذَلِكَ لآيَاتٍ لِّلْمُتَوَسِّمِينَ

تشریح

حقیقت یہ ہے کہ اس سارے واقعے میں اُن لوگوں کیلئے بڑی نشانیاں ہیں جو عبرت کی نگاہ سے دیکھتے ہوں

وَإِنَّهَا لَبِسَبِيلٍ مُّقيمٍ

تشریح

اور یہ بستیاں ایک ایسے راستے پر واقع ہیں جس پر لوگ مستقل چلتے رہتے ہیں

إِنَّ فِي ذَلِكَ لآيَةً لِّلْمُؤمِنِينَ 

تشریح

یقینا اس میں اِیمان والوں کیلئے بڑی عبرت ہے

17
21 الأنبياء
74-75

وَلُوطًا آتَيْنَاهُ حُكْمًا وَعِلْمًا وَنَجَّيْنَاهُ مِنَ الْقَرْيَةِ الَّتِي كَانَت تَّعْمَلُ الْخَبَائِثَ إِنَّهُمْ كَانُوا قَوْمَ سَوْءٍ فَاسِقِينَ 

تشریح

اور لوط کو ہم نے حکمت اور علم عطا کیا، اور انہیں اُس بستی سے نجات دی جو گندے کام کرتی تھی۔ حقیقت میں وہ بہت برائی والی نافرمان قوم تھی

وَأَدْخَلْنَاهُ فِي رَحْمَتِنَا إِنَّهُ مِنَ الصَّالِحِينَ

تشریح

اور لوط کو ہم نے اپنی رحمت میں داخل کر لیا، وہ یقینا نیک لوگوں میں سے تھے

19
26 الشعراء
160-173

كَذَّبَتْ قَوْمُ لُوطٍ الْمُرْسَلِينَ

تشریح

لوط کی قوم نے پیغمبروں کو جھٹلایا

إِذْ قَالَ لَهُمْ أَخُوهُمْ لُوطٌ أَلا تَتَّقُونَ

تشریح

جبکہ اُن کے بھائی لوط نے اُن سے کہا کہ : ’’ کیا تم اﷲ سے ڈرتے نہیں ہو؟

إِنِّي لَكُمْ رَسُولٌ أَمِينٌ

تشریح

یقین جانو کہ میں تمہارے لئے ایک امانت دار پیغمبر ہوں

فَاتَّقُوا اللَّهَ وَأَطِيعُونِ

تشریح

لہٰذا تم اﷲ سے ڈرو، اور میری بات مانو

وَمَا أَسْأَلُكُمْ عَلَيْهِ مِنْ أَجْرٍ إِنْ أَجْرِيَ إِلاَّ عَلَى رَبِّ الْعَالَمِينَ

تشریح

اور میں تم سے اس کام پر کسی قسم کی کوئی اُجرت نہیں مانگتا۔ میرا اَجر تو صرف اُس ذات نے اپنے ذمے لے رکھا ہے جو سارے دُنیا جہان کی پرورش کرتی ہے

أَتَأْتُونَ الذُّكْرَانَ مِنَ الْعَالَمِينَ

تشریح

کیا دُنیا جہان کے سارے لوگوں میں تم ہو جو مردوں کے پاس جاتے ہو

رَبِّ نَجِّنِي وَأَهْلِي مِمَّا يَعْمَلُونَ

تشریح

میرے پروردگار ! جو حرکتیں یہ لوگ کر رہے ہیں ، مجھے اور میرے گھر والوں کو اُن سے نجات دیدے۔‘‘

ثُمَّ دَمَّرْنَا الآخَرِينَ

تشریح

پھر اور سب کو ہم نے تباہ کر دیا

وَأَمْطَرْنَا عَلَيْهِم مَّطَرًا فَسَاء مَطَرُ الْمُنذَرِينَ

تشریح

اور اُن پر ایک زبردست بارش برسادی۔ غرض بہت بری بارش تھی جو اُن پر برسی جنہیں پہلے سے ڈرا دیا گیا تھا

19
27 النمل
54-58

وَلُوطًا إِذْ قَالَ لِقَوْمِهِ أَتَأْتُونَ الْفَاحِشَةَ وَأَنتُمْ تُبْصِرُونَ 

تشریح

اور ہم نے لوط کو پیغمبر بنا کر بھیجا جبکہ اُنہوں نے اپنی قوم سے کہا تھا کہ : ’’ کیا تم کھلی آنکھوں دیکھتے ہوئے بھی بے حیائی کا یہ کام کرتے ہو؟

أَئِنَّكُمْ لَتَأْتُونَ الرِّجَالَ شَهْوَةً مِّن دُونِ النِّسَاء بَلْ أَنتُمْ قَوْمٌ تَجْهَلُونَ

تشریح

کیا یہ کوئی یقین کرنے کی بات ہے کہ تم اپنی جنسی خواہش کیلئے عورتوں کو چھوڑ کر مردوں کے پاس جاتے ہو؟ حقیقت یہ ہے کہ تم بڑی جہالت کے کام کرنے والے لوگ ہو۔‘‘

فَمَا كَانَ جَوَابَ قَوْمِهِ إِلاَّ أَن قَالُوا أَخْرِجُوا آلَ لُوطٍ مِّن قَرْيَتِكُمْ إِنَّهُمْ أُنَاسٌ يَتَطَهَّرُونَ

تشریح

اس پر ان کی قوم کا کوئی جواب اس کے سوا نہیں تھا کہ : ’’ لوط کے گھر والوں کو اپنی بستی سے نکال باہر کرو، یہ بڑے پاکباز بنتے ہیں ۔‘‘

فَأَنجَيْنَاهُ وَأَهْلَهُ إِلاَّ امْرَأَتَهُ قَدَّرْنَاهَا مِنَ الْغَابِرِينَ 

تشریح

پھر ہوا یہ کہ ہم نے لوط اور اس کے گھر والوں کو بچالیا، سوائے اُن کی بیوی کے جس کے بارے میں ہم نے یہ طے کر دیا تھا کہ وہ پیچھے رہ جانے والوں میں شامل رہے گی

وَأَمْطَرْنَا عَلَيْهِم مَّطَرًا فَسَاء مَطَرُ الْمُنذَرِينَ

تشریح

اورہم نے اُن پر ایک زبردست بارش برسائی، چنانچہ بہت بری بارش تھی جو اُن لوگوں پر برسی جنہیں پہلے سے خبردار کر دیا گیا تھا

20
29 العنكبوت
28-30

وَلُوطًا إِذْ قَالَ لِقَوْمِهِ إِنَّكُمْ لَتَأْتُونَ الْفَاحِشَةَ مَا سَبَقَكُم بِهَا مِنْ أَحَدٍ مِّنَ الْعَالَمِينَ

تشریح

اورہم نے لوط کو بھیجا جبکہ اُس نے اپنی قوم سے کہا : ’’ حقیقت یہ ہے کہ تم ایسی بے حیائی کاکام کرتے ہو جو تم سے پہلے دُنیاجہان والوں میں سے کسی نے نہیں کیا

أَئِنَّكُمْ لَتَأْتُونَ الرِّجَالَ وَتَقْطَعُونَ السَّبِيلَ وَتَأْتُونَ فِي نَادِيكُمُ الْمُنكَرَ فَمَا كَانَ جَوَابَ قَوْمِهِ إِلاَّ أَن قَالُوا ائْتِنَا بِعَذَابِ اللَّهِ إِن كُنتَ مِنَ الصَّادِقِينَ

تشریح

کیا تم مردوں کے پاس جاتے ہو، اور راستوں میں ڈاکے ڈالتے ہو، اور اپنی بھری مجلس میں بدی کا ارتکاب کرتے ہو؟‘‘ پھر اُن کی قوم کے لوگوں کے پاس اس کے سوا کوئی جواب نہیں تھا کہ اُنہوں نے کہا : ’’ لے آؤ ہم پر اﷲ کا عذاب اگر تم سچے ہو !‘‘

قَالَ رَبِّ انصُرْنِي عَلَى الْقَوْمِ الْمُفْسِدِينَ

تشریح

لوط نے کہا : ’’ میرے پروردگار ! ان مفسدوں کے مقابلے میں میری مدد فرمائیے۔‘‘

20
29 العنكبوت
33-35

وَلَمَّا أَن جَاءتْ رُسُلُنَا لُوطًا سِيءَ بِهِمْ وَضَاقَ بِهِمْ ذَرْعًا وَقَالُوا لا تَخَفْ وَلا تَحْزَنْ إِنَّا مُنَجُّوكَ وَأَهْلَكَ إِلاَّ امْرَأَتَكَ كَانَتْ مِنَ الْغَابِرِينَ

تشریح

اور جب ہمارے بھیجے ہوئے فرشتے لوط کے پاس پہنچے تو لوط اُن کی وجہ سے سخت پریشان ہوئے، اور ان کی وجہ سے اُن کا دل تنگ ہونے لگا۔ اُن فرشتوں نے کہا : ’’ آپ نہ ڈریے، اور نہ غم کیجئے۔ ہم آپ کو اور آپ کے متعلقین کو بچالیں گے، سوائے آپ کی بیوی کے جو پیچھے رہ جانے والوں میں شامل رہے گی

إِنَّا مُنزِلُونَ عَلَى أَهْلِ هَذِهِ الْقَرْيَةِ رِجْزًا مِّنَ السَّمَاء بِمَا كَانُوا يَفْسُقُونَ

تشریح

اس بستی کے باشندے جو بدکاریاں کرتے رہے ہیں ، اُن کی وجہ سے ہم ان پر آسمان سے عذاب نازل کرنے والے ہیں ۔‘‘

وَلَقَد تَّرَكْنَا مِنْهَا آيَةً بَيِّنَةً لِّقَوْمٍ يَعْقِلُونَ

تشریح

اور ہم نے اس بستی کی کچھ کھلی نشانی اُن لوگوں کیلئے چھوڑ دی ہے جو سمجھ سے کام لیں

23
37 الصافات
133-138

وَإِنَّ لُوطًا لَّمِنَ الْمُرْسَلِينَ 

تشریح

اور یقینا لوط بھی پیغمبروں میں سے تھے

إِذْ نَجَّيْنَاهُ وَأَهْلَهُ أَجْمَعِينَ

تشریح

جب ہم نے اُن کو اور اُن کے گھر والوں کو (عذاب سے) نجات دی تھی

إِلاَّ عَجُوزًا فِي الْغَابِرِينَ

تشریح

سوائے ایک بڑھیا کے جو پیچھے رہ جانے والوں میں شامل رہی

ثُمَّ دَمَّرْنَا الآخَرِينَ

تشریح

پھر ہم نے دوسرے لوگوں کو ملیا میٹ کر دیا

وَإِنَّكُمْ لَتَمُرُّونَ عَلَيْهِم مُّصْبِحِينَ

تشریح

اور (اے مکہ والو !) تم اُن (کی بستیوں ) پر سے گذرا کرتے ہو، (کبھی) صبح ہوتے

وَبِاللَّيْلِ أَفَلا تَعْقِلُونَ

تشریح

اور (کبھی) رات کے وقت۔ کیا پھر بھی تمہیں عقل نہیں آتی؟

27
51 الذاريات
32-37

قَالُوْٓا اِنَّآ اُرْسِلْنَآ اِلٰى قَوْمٍ مُّجْـرِمِيْنَ

تشریح

انہوں نے کہا : ’’ ہمیں کچھ مجرم لوگوں کے پاس بھیجا گیا ہے

لِنُرْسِلَ عَلَيْهِمْ حِجَارَةً مِّنْ طِيْنٍ

تشریح

تاکہ ہم ان پر پکی مٹی کے پتھر برسائیں

مُّسَوَّمَةً عِنْدَ رَبِّكَ لِلْمُسْرِفِيْنَ

تشریح

جن پر حد سے گذرے ہوئے لوگوں کیلئے تمہارے پروردگار کے پاس سے خاص نشان بھی لگا ہوگا۔‘‘

فَاَخْرَجْنَا مَنْ كَانَ فِيْهَا مِنَ الْمُؤْمِنِيْنَ

تشریح

پھر ہوا یہ کہ اُس بستی میں جو کوئی مومن تھا، اُس کو ہم نے وہاں سے نکال لیا

فَمَا وَجَدْنَا فِيْهَا غَيْرَ بَيْتٍ مِّنَ الْمُسْلِمِيْنَ

تشریح

اور اُس میں ایک گھر کے سوا ہم نے کسی اور گھر کو مومن نہیں پایا

وَتَرَكْنَا فِيْهَآ اٰيَةً لِّلَّذِيْنَ يَخَافُوْنَ الْعَذَابَ الْاَلِيْمَ

تشریح

اور ہم نے اُس بستی میں اُن لوگوں کیلئے (عبرت کی) ایک نشانی چھوڑ دی جو دردناک عذاب سے ڈرتے ہوں

27
54 القمر
33-38

كَذَّبَتْ قَوْمُ لُوْطٍۢ بِالنُّذُرِ

تشریح

لوط کی قوم نے (بھی) تنبیہ کرنے والوں کو جھٹلایا

اِنَّآ اَرْسَلْنَا عَلَيْهِمْ حَاصِبًا اِلَّآ اٰلَ لُوْطٍ ۭ نَجَّيْنٰهُمْ بِسَحَرٍ

تشریح

ہم نے اُن پر پتھروں کا مینہ برسایا، سوائے لوط کے گھر والوں کے جنہیں ہم نے سحری کے وقت بچالیا تھا

نِّعْمَةً مِّنْ عِنْدِنَا ۭ كَذٰلِكَ نَجْزِيْ مَنْ شَكَرَ

تشریح

یہ ہماری طرف سے ایک نعمت تھی۔ جو لوگ شکر گذار ہوتے ہیں ، اُن کو ہم ایسا ہی صلہ دیتے ہیں

وَلَقَدْ اَنْذَرَهُمْ بَطْشَتَنَا فَتَـمَارَوْا بِالنُّذُرِ 

تشریح

اور لوط نے اُن لوگوں کو ہماری پکڑ سے ڈرایا تھا، لیکن وہ ساری تنبیہات میں مین میکھ نکالتے رہے

وَلَقَدْ رَاوَدُوْهُ عَنْ ضَيْفِهِ فَطَمَسْـنَآ اَعْيُنَهُمْ فَذُوْقُوْا عَذَابِيْ وَنُذُرِ

تشریح

اور اُنہوں نے لوط کو اُن کے مہمانوں کے بارے میں پھسلانے کی کوشش کی، جس پر ہم نے اُن کی آنکھوں کو اندھا کر دیا کہ : ’’ چکھو میرے عذاب اور میری تنبیہات کا مزہ !

وَلَقَدْ صَبَّحَهُمْ بُكْرَةً عَذَابٌ مُّسْتَقِرٌّ

تشریح

اور صبح سویرے اُن پر ایسا عذاب حملہ آور ہوا جو جم کر رہ گیا

28
66 التحريم
10

ضَرَبَ اللَّهُ مَثَلًا لِلَّذِينَ كَفَرُوا امْرَأَتَ نُوحٍ وَامْرَأَتَ لُوطٍ كَانَتَا تَحْتَ عَبْدَيْنِ مِنْ عِبَادِنَا صَالِحَيْنِ فَخَانَتَاهُمَا فَلَمْ يُغْنِيَا عَنْهُمَا مِنَ اللَّهِ شَيْئًا وَقِيلَ ادْخُلَا النَّارَ مَعَ الدَّاخِلِينَ

تشریح

جن لوگوں نے کفر اِختیار کیا ہے، اﷲ اُن کیلئے نوح کی بیوی اور لوط کی بیوی کو مثال کے طور پر پیش کرتا ہے۔ یہ دونوں ہمارے ایسے بندوں کے نکاح میں تھیں جو بہت نیک تھے۔ پھر انہوں نے ان کے ساتھ بے وفائی کی، تو وہ دونوں اﷲ کے مقابلے میں اُن کے کچھ بھی کام نہیں آئے، اور (اُن بیویوں سے) کہا گیا کہ : ’’ دُوسرے جانے والوں کے ساتھ تم بھی جہنم میں چلی جاؤ۔‘‘

UP
X
<>