May 6, 2024

قرآن کریم > الحُـجُـرات >sorah 49 ayat 17

يَمُنُّونَ عَلَيْكَ أَنْ أَسْلَمُوا قُل لاَّ تَمُنُّوا عَلَيَّ إِسْلامَكُم بَلِ اللَّهُ يَمُنُّ عَلَيْكُمْ أَنْ هَدَاكُمْ لِلإِيمَانِ إِن كُنتُمْ صَادِقِينَ

یہ لوگ تم پر احسان رکھتے ہیں کہ یہ اسلام لے آئے ہیں ۔ ان سے کہو کہ : ’’ مجھ پر اپنے اسلام لانے کا احسان نہ جتلاؤ۔ بلکہ اگر تم واقعی (اپنے دعوے میں ) سچے ہو تو یہ اﷲ کا تم پر احسان ہے کہ اُس نے تمہیں ایمان کی ہدایت دی۔‘‘

آیت ۱۷  یَمُنُّوْنَ عَلَیْکَ اَنْ اَسْلَمُوْا:  ’’(اے نبی !) یہ لوگ آپ پر احسان دھر رہے ہیں کہ وہ اسلام لے آئے ہیں!‘‘

           قُلْ لَّا تَمُنُّوْا عَلَیَّ اِسْلَامَکُمْ:  ’’ان سے کہیے کہ مجھ پر اپنے اسلام کا احسان نہ دھرو۔‘‘

           بَلِ اللّٰہُ یَمُنُّ عَلَیْکُمْ اَنْ ہَدٰٹکُمْ لِلْاِیْمَانِ اِنْ کُنْتُمْ صٰدِقِیْنَ:  ’’بلکہ اللہ تم پر احسان دھرتا ہے کہ اس نے تمہیں ایمان کے راستے پر ڈال دیا ہے ‘اگر تم سچے ہو۔‘‘

          اللہ تعالیٰ نے تمہیں توفیق دی کہ تم اسلام لے آئے۔ ابھی تم لوگ ایمان کے راستے پر آئے ہو۔ اگر تم اپنے اسلام کے دعوے میں سچے ہو گے‘نماز کی پابندی کرو گے‘رمضان کے روزے رکھو گے‘زکوٰۃ ادا کرو گے اور اعمالِ صالحہ کا اہتمام کرو گے تو ان اعمال کی نورانیت سے تمہارے دلوں کے اندر ایمان بھی پیدا ہو جائے گا۔اس آیت میں اسلام اور ایمان کا فرق بہت واضح ہو گیا ہے۔ متعلقہ لوگوں کے دعوے کے حوالے سے یہاں دو دفعہ اسلام کا لفظ آیا ہے ۔ لیکن بعد میں جب اللہ کی توفیق کے حوالے سے بات ہوئی ہے تو ایمان کا ذکر کیا گیا ہے:  بَلِ اللّٰہُ یَمُنُّ عَلَیْکُمْ اَنْ ہَدٰاکُمْ لِلْاِیْمَانِ  یعنی یہ تو اللہ کا تم پر احسان ہے کہ اس نے تمہیں اسلام لانے کی توفیق دی اور یوں اس نے تمہیں ایمان کی شاہراہ پر ڈال دیا۔اگر تم صدق دل سے اسلام لائے ہو تو یہ شاہراہ ضرور تمہیں ایمان کی منزل تک لے جائے گی۔ لیکن اگر تم منافق ہو یا صرف جان بچانے کے لیے اسلام کی پناہ میں آئے ہو تو قانونی طور پر بے شک تمہارا شمار مسلمانوں میں ہو جائے گا لیکن اللہ کے ہاں نہ تمہارا اسلام قبول ہوگا اور نہ ایمان۔

          جیسا کہ قبل ازیں بھی ذکر ہوا ہے ‘اس ضمن میں قانون یہی ہے کہ جو کوئی بھی زبان سے توحید و رسالت کی گواہی دے کر مسلمان ہونے کا دعویٰ کرے گا اسے مسلمان تسلیم کر لیا جائے گا۔ اسی قانون کے تحت غزوۂ تبوک تک تمام منافقین کو بھی مسلمان تسلیم کیا جاتا رہا۔ یہاں تک کہ حضور  نے رئیس المنافقین عبدا للہ بن اُبی کی نماز جنازہ بھی پڑھائی۔ البتہ غزوئہ تبوک کے بعد ان کی منافقت کا پردہ چاک کیا گیا اور ان کی بنائی ہوئی مسجد (مسجد ضرار) بھی گرا دی گئی۔

UP
X
<>