April 19, 2024

قرآن کریم > العنكبوت >sorah 29 ayat 9

وَالَّذِينَ آمَنُوا وَعَمِلُوا الصَّالِحَاتِ لَنُدْخِلَنَّهُمْ فِي الصَّالِحِينَ

اور جو لوگ ایمان لائے ہیں ، اور اُنہوں نے نیک عمل کئے ہیں ، ہم اُنہیں ضرور نیک لوگوں میں شامل کریں گے

آیت ۹     وَالَّذِیْنَ اٰمَنُوْا وَعَمِلُوا الصّٰلِحٰتِ لَنُدْخِلَنَّہُمْ فِی الصّٰلِحِیْنَ: ’’اور وہ لوگ جو ایمان لائے اور انہوں نے نیک اعمال کیے ہم انہیں لازماً داخل کریں گے صالحین میں ۔‘‘

      نیک اہل ایمان کو صالحین کے گروہ میں شامل کرنے کا یہ وعدہ دنیا کے لیے بھی ہے اور آخرت کے لیے بھی۔ اس مژدئہ جانفزا کے مفہوم کو بھی مکہ کے مذکورہ حالات کے پس منظر میں سمجھنے کی ضرورت ہے، جہاں اہل ایمان اپنے پیاروں سے کٹ رہے تھے، والدین اپنے جگر گوشوں کو چھوڑنے پر مجبور تھے، اولاد والدین کی شفقت و محبت سے محروم ہو رہی تھی اور بھائی بھائیوں سے جدا ہو رہے تھے۔ جیسے سردارِ قریش عتبہ بن ربیعہ کے بڑے بیٹے حذیفہh ایمان لے آئے جبکہ چھوٹا بیٹا ولید کافر ہی رہا۔ (عتبہ اور اس کا بیٹا ولید غزوئہ بدر میں سب سے پہلے مارے جانے والوں میں سے تھے۔ ) اگر انسانی سطح پر دیکھا جائے تو حضرت حذیفہؓ کے لیے یہ بہت کڑا امتحان تھا۔ بہرحال جو صحابہؓ اس آزمائش اور امتحان سے دو چار ہوئے انہوں نے غیر معمولی حوصلے اور استقامت کا مظاہرہ کیا۔ لیکن آخر تو وہ انسان تھے، اندر سے ان کے دل زخمی تھے اور ان کے زخمی دلوں پر مرہم رکھنے کی ضرورت تھی۔ چنانچہ آیت زیر نظر کو اس سیاق و سباق میں پڑھا جائے تو اس کا مفہوم یوں ہو گا کہ اے میرے جاں نثار بندو! اگر تم لوگ مجھ پر اور میرے رسول پر ایمان لا کر اپنے والدین، بھائی بہنوں اور عزیز رشتہ داروں سے کٹ چکے ہو تو رنجیدہ مت ہونا۔ دوسری طرف ہم نے تمہارے لیے نبی رحمت اور اہل ایمان کے گروہ کی صورت میں نئی محبتوں اور لازوال رفاقتوں کا بندوبست کر دیا ہے۔ ہمارے ہاں تمہارے لیے ایک نئی برادری تشکیل پا رہی ہے جس کی بنیاد ایک مضبوط نظریے پر رکھی گئی ہے۔ اب تم لوگ اس نئی برادری کے رکن بن کر ہمارے برگزیدہ بندوں کے گروہ میں شامل ہو گئے ہو، جہاں رحمۃٌ للعالمین آپ لوگوں کو اپنے سینے سے لگانے کے لیے منتظر ہیں اور جہاں ابوبکر صدیق اپنے ساتھیوں سمیت تم لوگوں پر اپنی محبت و شفقت کے جذبات نچھاور کرنے کو بے قرار ہیں ۔ اس حوالے سے نبی اکرم کو بھی بار بار یاد دہانی کرائی جا رہی ہے (سورۃ الحجر: ۸۸ اور سورۃ الشعراء: ۲۱۵) کہ مؤمنین کے لیے آپؐ اپنے کندھوں کو جھکا کر رکھیے اور ان کے ساتھ محبت و رأفت کا معاملہ کیجیے۔

      دوسری طرف صالحین کے گروہ میں شمولیت کی اس خوشخبری کا تعلق آخرت سے بھی ہے، جس کا واضح تر اظہار سورۃ النساء کی اس آیت میں نظر آتا ہے: (وَمَنْ یُّطِعِ اللّٰہَ وَالرَّسُوْلَ فَاُولٰٓئِکَ مَعَ الَّذِیْنَ اَنْعَمَ اللّٰہُ عَلَیْہِمْ مِّنَ النَّبِیّٖنَ وَالصِّدِّیْقِیْنَ وَالشُّہَدَآءِ وَالصّٰلِحِیْنَ وَحَسُنَ اُولٰٓئِکَ رَفِیْقًا) ’’اور جو کوئی اطاعت کرے گا اللہ کی اور اس کے رسولؐ کی تو ایسے لوگوں کو معیت حاصل ہو گی ان لوگوں کی جن پر اللہ کا انعام ہوا یعنی انبیاء کرام، صدیقین، شہداء اور صالحین۔ اور کیا ہی اچھے ہیں یہ لوگ رفاقت کے لیے!‘‘

UP
X
<>